Mustahsan Azm [ مستحسن عزم ]
Mustahsan Azm [ مستحسن عزم ]
Poet
Fiction & short story writer
Lyricist
Dialogue & Scriptwriter
Manzil Ke Aas Paas (Published Book a collection of Ghazals)
Hamwaar Nahin Kuchh Bhi (A Collection of Ghazals) ... Book in the process of publishing
غزلیں
---------------------------------------
دلِ معصوم ذرا ذہن کی دانائی سمجھ
جھوٹ میں لپٹے ہوئے قول کی سچائی سمجھ
نیّتِ دل کی سیاست کو مرے بھائی، سمجھ
دوست ہے کون ترا کون ہے ہرجائی ،سمجھ
عطر میں لپٹے ہوئے جھونکے کی راحت پہ نہ جا
سچ میں یہ بادِ صبا ہے کہ ہے پُروائی، سمجھ
ہاتھ پر ہاتھ دھرے رہنے کا یہ وقت نہیں
آنکھ سے آنکھ ملا بات کی گہرائی سمجھ
مسلکی بھیڑ نہیں ہے یہ ، نکل گھر سے نکل
ہر گھڑی اچھی نہیں ہوتی یہ تنہائی، سمجھ
عِلم کی جوت جلا، جوت جلا ،جوت جلا
نیند سے جاگ ابھی وقت کی انگڑائی سمجھ
عزمؔ تاریخ کے اوراق پلٹ ان کو کھنگال
کیاتھی لمحے کی خطا کیا ہوئی بھَرپائی، سمجھ
مستحسن عزم
---------------------------------------
آسودہ نظر بند ، پریشان نظر بند
کمرے کی گھٹن میں ہوئی ہر جان نظر بند
یہ کون گنہگار ہے جس کی یہ سزا ہے
سہما ہوا محکوم ہے سلطان نظر بند
لڑتے ہیں کئی بھوک سے سڑکوں پہ نکل کر
ہیں دودھ ، دہی ، پھل لئے دھن وان نظر بند
سڑکوں پہ ابھرتی نہیں نعروں کی صدائیں
ہندو ہے مقیّد تو مسلمان نظر بند
آنے لگیں گھر گھر سے تلاوت کی صدائیں
رمضان سے پہلے ہوا شیطان نظر بند
ہر چیز کی آزادی پہ نظروں کا ہے پہرہ
کمرہ ہے مقیّد کہ ہےانسان نظر بند
ملنے کی تڑپ ہے نہ جدائی کا کوئی ڈر
ہم ساتھ ہوئے جب سے مری جان نظر بند
تم دل سے کرو توبہ، دعا بھی یہ کرو عزمؔ
کورونا کا ہو جائے یہ طوفان نظر بند